ہماری پالیسی تو صاف ہے ایماں فروشی کی - اکبر الہ آبادی

ہماری پالیسی تو صاف ہے ایماں فروشی کی

اکبر الہ آبادی

 دیوان اکبر الہ آبادی، جلد : 1، صفحہ : 238-239


نئی تہذیب سے ساقی نے ایسی گرمجوشی کی

کہ آخر مسلموں میں روح پھونکی بادہ نوشی کی


تمھاری پالیسی کا حال کچھ کھلتا نہیں صاحب

ہماری پالیسی تو صاف ہے ایماں فروشی کی


چھپانے کے عوض چھپوا رہے ہیں خود وہ عیب اپنے

نصیحت کیا کروں میں قوم کو اب عیب پوشی کی


پہننے کو تو کپڑے ہی نہ تھے کیا بزم میں جاتے

خوشی گھر بیٹھے کر لی ہم نے جشنِ تاج پوشی کی


شکست رنگ مذہب کا اثر دیکھیں نئے مرشد

مسلمانوں میں کثرت ہو رہی ہے بادہ نوشی کی


رعایا کو مناسب ہے کہ باہم دوستی رکھیں

حماقت حاکموں سے ہے توقع گرم جوشی کی


ہمارے قافیے تو ہو گئے سب ختم اے اکبر

لقب اپنا جو دے دیں مہربانی یہ جوشی کی​


No comments:

Post a Comment

Popular Posts