لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری (غزہ، فلسطین کیلئے) - عمران پرتاپ گڑھی

 لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری (غزہ، فلسطین کیلئے)

عمران پرتاپ گڑھی

ہندوستانی شاعر اور رکن پارلیمنٹ 


 لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری

سن لے تو آج یہ فریاد خدایا میری


تیرے محبوبﷺ نے جس سمت کیے تھے سجدے

حکم سے تیرے وہ اصحابِ نبی کے سجدے

سینکڑوں غم لیے سینے میں ہے غمگین کھڑا

اب فقط تیرے بھروسے ہے فلسطین کھڑا

کاش دنیا یہ سمجھ پاتی یہ جھگڑا کیا ہے

آپ کے گھر پہ کسی غیر کا قبضہ کیا ہے

تو جو چاہے تو ہر ایک بات کو بہتر کر دے

ایک نظر ڈال کے حالات کو بہتر کر دے


لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری

سن لے تو آج یہ فریاد خدایا میری


اب کہیں بھی نہیں سنوائی ہے میرے مولا

ساری دنیا ہی تماشائی ہے میرے مولا

جو تیرے نام پہ لڑتے ہیں اگر ہارے تو

اس میں ہم سب کی بھی رسوائی ہے میرے مولا

ان کی اجڑی ہوئی بستی کی صدائیں سن لے

اے خدا قبلہ اول کی دعائیں سن لے

تو جو چاہے تو برا وقت بھی ٹل جائے گا

رات کی کوکھ سے سورج بھی نکل آئے گا


لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری

سن لے تو آج یہ فریاد خدایا میری


دودھ منہے بچوں کے بھی خواب ہوا کرتے ہیں

جنگ کرنے کے بھی آداب ہوا کرتے ہیں

ہم نہیں کہتے ہمیں کوئی پیغمبر دے دے

جو فقط تیرے ہی آگے جھکے وہ سر دے دے

لشکرِ فیل جہالت پہ اتر آیا ہے

اے خدا پھر سے ابابیلوں کو کنکر دے دے

کون کہتا ہے کہ نفرت سے چلے گی دنیا

تو دکھا دے کہ محبت سے چلے گی دنیا


لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری

سن لے تو آج یہ فریاد خدایا میری




Link: https://www.youtube.com/watch?v=p87Dow5hDJs


No comments:

Post a Comment

Popular Posts